پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PCCI) اور پاکستان ایسوسی ایشن آف ٹور آپریٹرز (PATO) کے اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی، جس میں سیاحت کی بحالی، مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے اثرات، اور خنجراب بارڈر کے ذریعے آنے والے چینی سیاحوں کے لیے ویزا سہولیات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وفد میں پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ، نائب صدر محمد رازق، جبکہ پی اے ٹی او کی جانب سے ناظم اللہ بیگ، صدرالدین، ساجد محمود اور محمد عمر شامل تھے۔ملاقات میں خنجراب پاس کو دوبارہ کھولنے، چینی سیاحوں کے لیے ویزا کے طریقۂ کار کو آسان بنانے، اور مجوزہ خنجراب ٹورازم کوریڈور کے قیام پر غور کیا گیا، جس کا مقصد سرحد پار سیاحت، تجارت اور گلگت بلتستان میں روزگار کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے وفد کو بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر وزیراعظم سے بھی بات کی ہے، جنہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت مستقبل قریب میں چینی سیاحوں کے لیے خنجراب پاس دوبارہ کھولنے کی جانب پیش رفت کر رہی ہے۔شرکاء نے کہا کہ خنجراب پاس کی بحالی سے سیاحت کو نئی زندگی ملے گی، ہوٹلوں، ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، ٹور گائیڈز اور چھوٹے کاروباروں کو فائدہ پہنچے گا، جبکہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا۔وفد نے سوست میں ٹورازم فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کرنے، سرحدی سہولیات بہتر بنانے، چینی ٹور آپریٹرز کے ساتھ تعاون بڑھانے، اور خنجراب ٹورازم کوریڈور کو پہلے مرحلے میں ہنزہ۔نگر میں بطور پائلٹ منصوبہ شروع کرکے بعد ازاں پورے گلگت بلتستان تک توسیع دینے کی بھی تجویز پیش کی۔
27