بروکلین (نمائندہ خصوصی) بروکلین، نیویارک میں یومِ آزادیٔ پاکستان انتہائی جوش و جذبے، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے شاندار مظاہرے کے ساتھ منایا گیا۔ اس حوالے سے بروکلین میں یومِ آزادیٔ پاکستان کی شاندار تقریب منعقد کی گئی،تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ بروکلین میلہ کے چیئرمین چوہدری جاوید گوندل نے ساتھیوں کے ہمراہ خصوصی شرکت کرتے ہوئے تقریب کی رونق میں اضافہ کیا۔ اس موقع پر پاکستانی پرچموں کی بہار نظر آئی اور شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے فضا کو گرما دیا۔تقریب کے دوران شرکاء نے سبز ہلالی پرچم تھام کر وطنِ عزیز سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ قومی ترانہ پیش کیا گیا جبکہ پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ بروکلین کی سڑکوں پر پاکستانی ثقافت، قومی لباس اور سبز و سفید رنگوں نے ایک خوبصورت منظر پیش کیا، جس سے ایسا محسوس ہوا جیسے پاکستان کی خوشیاں دیارِ غیر میں بھی پوری آب و تاب کے ساتھ منائی جا رہی ہوں۔اس موقع پر چوہدری جاوید گوندل نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ آزادی محض ایک قومی تہوار نہیں بلکہ یہ ہمیں اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں، جدوجہد اور پاکستان کے قیام کے مقصد کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنے وطن سے محبت کو ہمیشہ دل میں زندہ رکھتے ہیں اور قومی دنوں کی تقریبات نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور قومی اقدار سے جوڑنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔چوہدری جاوید گوندل نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی جہاں بھی آباد ہے، وہاں پاکستان کی مثبت شناخت اور قومی یکجہتی کو اجاگر کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی کمیونٹی آئندہ بھی قومی اور ثقافتی پروگراموں کے ذریعے نوجوان نسل کو اپنے وطن اور اپنی قومی اقدار سے جوڑنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔تقریب میں موجود مختلف کمیونٹی رہنماؤں، سماجی شخصیات اور شرکاء نے بھی یومِ آزادی کے موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کیا اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔ شرکاء نے قومی اتحاد، بھائی چارے اور باہمی محبت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب کے اختتام پر چوہدری جاوید گوندل نے تمام مہمانوں، کمیونٹی رہنماؤں، ساتھیوں، رضاکاروں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بھرپور شرکت نے یومِ آزادی کی تقریب کو یادگار بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دنیا کے جس خطے میں بھی ہو، اپنے وطن کی محبت اور پاکستان زندہ باد کا جذبہ ہمیشہ اپنے دلوں میں قائم رکھتی ہے۔
29