راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر ) کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی نے آر ڈی اے کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور انہیں منظور شدہ منصوبہ بندی، مقررہ معیار اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے تاکہ کام کے معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ متعلقہ افسران ترقیاتی کاموں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں اور دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنائیں۔ انہوں نے متعلقہ ڈائریکٹوریٹس کو باہمی رابطہ کاری بہتر بنانے اور جاری منصوبوں کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی تاکہ مقررہ مدت میں مطلوبہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ کمشنر راولپنڈی نے آر ڈی اے کے میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ کو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف انفورسمنٹ آپریشنز جاری رکھے جائیں، مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور غیر قانونی سکیموں کی تشہیر و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی فرد یا ادارے کو منصوبہ بندی کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے یا گمراہ کن اشتہارات اور غیر قانونی جائیداد کے لین دین کے ذریعے شہریوں کو دھوکہ دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ علاوہ ازیں، عوام الناس کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ کی خریداری یا سرمایہ کاری سے قبل اس کی قانونی حیثیت اور آر ڈی اے سے منظوری کی مکمل تصدیق ضرور کریں۔ شہری اپنی محنت کی کمائی غیر منظور شدہ یا غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں ہرگز سرمایہ کاری نہ کریں اور متعلقہ معلومات براہ راست آر ڈی اے کے دفاتر سے حاصل کریں۔ عوام الناس سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی تشہیر یا کسی بھی خلاف ورزی کی نشاندہی متعلقہ حکام کو کریں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ آر ڈی اے شہریوں کے حقوق کے تحفظ، منظم شہری ترقی کے فروغ اور بہتر شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر نگرانی اور قانونی ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ اتھارٹی راولپنڈی میں شہری منصوبہ بندی کو بہتر بنانے، انتظامی و قانونی نظام کو مزید مؤثر بنانے اور پائیدار ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ کمشنر راولپنڈی سلمان غنی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی جبکہ عوامی مفاد میں ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری لگن اور دیانت داری سے انجام دیں، جوابدہی کو یقینی بنائیں اور ادارے کے ترقیاتی و انتظامی اہداف کے حصول کے لیے نتیجہ خیز حکمت عملی اختیار کریں۔۔۔۔۔
5
