راولپنڈی : پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیف آرگنائزر عزیز احمد اعوان نے کہا ہے کہ کور کمانڈر کانفرنس میں کیے گئے تمام فیصلے قومی سلامتی، دفاعِ وطن اور ملکی استحکام کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں، جن کی پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی مکمل حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی ہر مشکل وقت میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی ملکی دفاع، امن اور استحکام کے لیے اپنی مسلح افواج کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور خدمات کو پوری قوم احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے، جبکہ ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابلِ تحسین ہیں۔عزیز احمد اعوان نے کہا کہ وطنِ عزیز کے شہداء ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی لازوال قربانیوں کی بدولت پاکستان آج محفوظ، مضبوط اور باوقار ریاست کے طور پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کی یاد ہمیشہ زندہ رکھی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ملک کی سلامتی، قومی یکجہتی اور استحکام کے لیے ہر مثبت اقدام کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔
47