اسلام آباد۔2نومبر (ندیم گلزار کھوکھر):صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی اور عالمی حالات میں ہر شہری کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، نئے صوبوں کے قیام کے لیے رائے عامہ کا ہموار ہونا اور سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہونا خوش آئند امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس عام آدمی کے مسائل کے حل، بہتر طرز حکمرانی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی میں معاون ثابت ہوں گے جس کے لئے کے پی کے میں ہزارہ صوبہ، سندھ میں کراچی اور حیدرآباد جبکہ پنجاب میں جنوبی پنجاب سمیت مختلف امور پر پہلے ہی اتفاق رائے پایا جاتا ہے اور مختلف سیاسی جماعتوں کے مابین معاملات مفاہمت کے نزدیک ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ فیصل آباد میں مقامی پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ 80 برسوں کے دوران ملک کی آبادی میں ہونے والے غیر معمولی اضافے نے نئے انتظامی انتظامات کی ضرورت کو مزید اجاگر کر دیا ہے، عوام کی بہتر خدمت اور انتظامی امور میں بہتری کے لیے زمینی حقائق کو مدنظر رکھنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انفرادی سیاست کو ملک کے مجموعی مفادات پر ترجیح نہیں دی جا سکتی اور قومی معاملات میں سب کو وسیع تر ملکی مفاد کو سامنے رکھنا چاہیے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے فیصل آباد آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے ایم 4 کی توسیع کا وعدہ پورا کر دیا ہے اور فیصل آباد کے عوام کو درپیش دیرینہ مطالبے پر عملی پیش رفت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ملک کا اہم صنعتی و کاروباری مرکز ہے اور اس شہر کے صنعت کاروں اور شہریوں کو مزید سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں تاکہ صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ مل سکےاور ملکی معیشت مزید مضبوط ہو۔صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے اپنے دورہ فیصل آباد میں سیاسی رہنماؤں، صنعت کاروں اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کیں جبکہ سابق صوبائی وزیر اور سینئر پارٹی رہنما چوہدری ظہیر الدین نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جس میں سیکرٹری جنرل آئی پی پی میاں خالد محمود، صدر آئی پی پی پنجاب رانا نذیر احمد خان، جنرل سیکرٹری شعیب صدیقی، سابق ایم پی اے چوہدری اختر علی سمیت فیصل آباد کی اہم سیاسی و سماجی شخصیات اور صنعت کاروں نے شرکت کی۔اس موقع پر چوہدری ظہیر الدین اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا فیصل آباد آمد پر والہانہ استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان فیصل آباد چیمبر آف کامرس سے خطاب اور اس دورے کے علاوہ کمال پور انٹر چینج بھی گئے جہاں انہوں نے پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹروے ایم 4 کے توسیعی کاموں کا جائزہ لیا۔
2
