اسلام آباد۔2نومبر (سٹاف رپورٹر):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبہ (آئی ڈی سی پی سی)کے وزیر لیو ہائی شینگ کے ہمراہ پیر کو یہاں چین کے صدر شی جن پنگ کے پارٹی سازی سے متعلق نظریات کے موضوع پر سمپوزیم اور چین پاکستان گورننس سیمینار کی مشترکہ صدارت کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے طرزِ حکمرانی، ادارہ سازی اور قومی ترقی میں سیاسی جماعتوں کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کی دوستی کی بنیاد بننے والے وسیع البنیاد سیاسی اتفاقِ رائے کا ذکر کرتے ہوئے ہر آزمائش پر پورا اترنے والی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ملکوں کی سیاسی جماعتوں کے مابین قریبی روابط، تبادلوں اور باہمی استفادہ پر زور دیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں چین کے وزیر لیو ہائی شینگ نے دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے مابین روابط کے فروغ پر پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی جن میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال، پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری، سینیٹر شیری رحمان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سینیٹر انوشہ رحمان خان اور سابق سینیٹر مشاہد حسین سید سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔ سیکرٹری خارجہ کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں اور تھنک ٹینکس کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
2
