اسلام آباد۔2نومبر (خصوصی رپورٹر):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر پر پیشرفت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کمپلیکس اسلام آباد سمیت پورے پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مریضوں کو علاج کیلئے جدید ترین سہولیات فراہم کرے گا، جناح میڈیکل کمپلیکس میں تمام تر تقرریاں میرٹ پر شفاف طریقے سے کی جائیں۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں زیر تعمیر بین الاقوامی معیار کے ہسپتال، جناح میڈیکل کمپلیکس پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس اسلام آباد سمیت پورے پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مریضوں کو علاج کیلئے جدید ترین سہولیات فراہم کرے گا،جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر پر پیشرفت تسلی بخش ہے، معینہ مدت میں اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس میں تمام تر تقرریاں میرٹ پر شفاف طریقے سے کی جائیں،جناح میڈیکل کمپلیکس کو چلانے کیلئے نجی ادارے کی خدمات لی جائیں جو عالمی سطح پر بہترین معیار کی علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس میں کم آمدن و متوسط طبقے کو تشخیص کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پیٹس سکین و دیگر جدید تشخیصی سہولیات کو منصوبے کا کلیدی حصہ بنایا جائے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ جناح میڈیکل اینڈ ریسرچ سینٹر پر مجموعی طور پر 59 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ مرکزی ہسپتال اور پارکنگ پلازہ کا بنیادی ڈھانچہ مکمل ہے، 403 بستروں پر مشتمل اس منصوبے کو 23 مارچ 2027 تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، طبی آلات کی تنصیب و دیکھ بھال، ہسپتال کے ڈیجیٹل مینجمنٹ سسٹم اور دیگر انتظامی امور پر بھی پیشرفت جاری ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایچ-11 میں جناح میڈیکل اینڈ ریسرچ سینٹر کے فیز ٹو منصوبے پر نظرثانی شدہ ڈیزائن کے تحت قومی سطح پر مسابقتی بِڈنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ تعمیراتی کام جلد شروع ہو جائے گا، منصوبے کے لئے جدید تشخیصی مشینری و اسکینرز کی خریداری پر بھی کام جاری ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، سید مصطفی کمال، طارق فضل چوہدری اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
2
