اسلام آباد (سیدمعراج حسین) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی یوتھ اسلام آباد کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے میں نوجوانوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پٹرول کی قیمتوں میں کمی اور مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرے سے جماعت اسلامی یوتھ اسلام آباد کے سیکرٹری ڈاکٹر مطاہر بشیر، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر احسن حامد، زون صدر امان خان اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ڈاکٹر مطاہر بشیر نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مناسب کمی نہیں کی گئی، جس سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ برقرار ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت غیر ضروری اخراجات میں کمی کرنے کے بجائے تمام بوجھ عوام پر منتقل کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے حکمران اپنی شاہ خرچیوں میں مصروف ہیں، جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت 225 روپے مقرر کی جائے تاکہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاجی تحریک جاری رکھی جائے گی۔
87