1

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان فیول سبسڈی اسکیم کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ،اسکیم پر پیٹرول پمپ مالکان کا کوئی اصولی اعتراض نہیں، صرف رقم کی واپسی کے طریقہ کار پر تحفظات تھے، جنہیں حکومت نے دور کر دیا، نعمان علی بٹ

اسلام آباد (سٹی رپورٹر) آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان فیول سبسڈی اسکیم کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہوگئے، حکومت نے پیٹرول پمپ مالکان کے سبسڈی کی رقم کی واپسی سے متعلق تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے کہا کہ ایسوسی ایشن کو وزیراعظم کی فیول سبسڈی اسکیم پر کوئی اعتراض نہیں، ہمارا تحفظ صرف سبسڈی کی رقم کی ادائیگی کے طریقہ کار پر تھا، جو حکومت نے دور کر دیا ہے۔ نعمان علی بٹ نے بتایا کہ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سبسڈی کی رقم 24 گھنٹے کے اندر واپس کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سبسڈی کی ادائیگی اسٹیٹ بینک کے ذریعے ہوگی اور رقم اسٹیٹ بینک تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبسڈی کی ادائیگی کے مسئلے کے حل کے لیے حکومت نے خصوصی پورٹل بھی قائم کر دیا ہے، جبکہ وزارت پٹرولیم، سیکریٹری پٹرولیم، چیئرمین اوگرا اور سیکریٹری خزانہ نے ادائیگی کے طریقہ کار کی تصدیق کر دی ہے۔وائس چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ اگر 24 گھنٹے میں سبسڈی کی رقم واپس نہ آئی تو حکومت ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر مسئلے کو حل کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیٹرول پمپ مالکان فیول سبسڈی پروگرام کو پہلے ہی خوش آئند قرار دے چکے ہیں اور حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد ادائیگی کے میکنزم سے متعلق تمام تحفظات ختم ہوگئے ہیں۔ نعمان علی بٹ نے کہا کہ فیول سبسڈی اسکیم پر پیٹرول پمپ مالکان کا کوئی اصولی اعتراض نہیں، صرف رقم کی واپسی کے طریقہ کار پر تحفظات تھے، جنہیں حکومت نے مذاکرات کے ذریعے دور کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں