بروکلین (نمائندہ خصوصی): علامہ اقبال کمیونٹی سنٹر بروکلین، امریکہ کے چیئرمین اور معروف سماجی شخصیت چودھری جاوید گوندل نے 12 ربیع الاول کے سلسلے میں منعقدہ بابرکت تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر محفلِ میلاد النبی ﷺ کا اہتمام کیا گیا، جس میں عاشقانِ رسول ﷺ نے بھرپور عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کی۔
چودھری جاوید گوندل نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ آپ ﷺ نے محبت، اخوت، برداشت، عدل، مساوات اور انسانیت کی خدمت کا درس دیا، جن پر عمل کر کے معاشرے میں امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول ہمارے لیے خوشی، عقیدت اور تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ اس موقع پر ہمیں صرف جشن منانے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ سیرتِ نبوی ﷺ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے کا عہد کرنا چاہیے۔ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کا راستہ ہے۔چودھری جاوید گوندل نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اور مسلم کمیونٹی اپنے بچوں اور نوجوان نسل کو سیرتِ رسول ﷺ سے روشناس کرانے کے لیے خصوصی کردار ادا کرے، تاکہ وہ اسلامی اقدار، اخلاق اور رواداری سے مضبوطی سے وابستہ رہیں۔تقریب کے اختتام پر ملک و قوم، امتِ مسلمہ اور پوری انسانیت کے لیے امن و سلامتی کی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے چودھری جاوید گوندل کی جانب سے سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے اور کمیونٹی میں مذہبی و سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
43