15

یوم دفاع پاکستان، ہماری قومی یکجہتی اور قربانیوں کی علامت ہے. عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد ()س عاطف اکرام شیخ صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری, طارق خان جدون نائب صدر اور کریم عزیز ملک انچارج ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یوم دفاع ہمیں ان عظیم شہداء اور غازیوں کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پوری قوم اپنے بہادر افواج پاکستان اور ان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری تاریخ کا وہ یادگار دن ہے جب پاکستانی قوم نے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اتحاد، عزم اور قومی جذبے کی لازوال مثال قائم کی۔ ہمارے شہداء نے اپنے خون سے یہ ثابت کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور آزادی ہمارے لیے سب سے بڑھ کر ہے۔عاطف اکرام شیخ, طارق خان جدون اوکریم عزیز ملک نے مزید کہا کہ آج کے دور میں پاکستان کا دفاع صرف سرحدوں کی حفاظت تک محدود نہیں بلکہ معاشی استحکام، صنعتی ترقی، تعلیم، روزگار اور قومی یکجہتی بھی مضبوط پاکستان کی بنیاد ہیں۔ بحیثیت کاروباری برادری ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ملکی معیشت کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط معیشت ہی ایک مضبوط اور خودمختار پاکستان کی ضمانت ہے۔ ہمیں اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی اور پاکستان کی ترقی کے لیے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔ صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم اپنے وطن کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دیانتداری اور اخلاص کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں گے۔ شہداء پاکستان کی قربانیوں کا بہترین خراج عقیدت یہی ہے کہ ہم ایک مضبوط، پرامن، خوشحال اور معاشی طور پر خودمختار پاکستان کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح پاک افواج اور حکومت پاکستان نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں معرکہ حق میں عظیم اور تاریخی فتح حاصل کی اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں بلند کیا. اس پر پاکستان کی بزنس کمیونٹی اپنے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے. اورہمیں امید ہے کہ معرکہ حق کی فتح کے بعد معرکہ معیشت کیلئے بھی بھرپور جدوجہد کی جائے گی اور معرکہ معیشت کیلئےایف پی سی سی آئی حکومت اور اداروں کا بھرپور ساتھ دے گا.
انہوں نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیشہ متحد رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں