صدر انجمن تاجران ڈی بارہ مرکز اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن محمد نعمان نے کہا ہے کہ سی ڈی اے ڈی بارہ مرکز کی ترقی اور خوبصورتی کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے، ڈی بارہ مرکز اسلام آباد کا ایک اہم تجارتی مرکز ہے مگر یہاں ناقص صفائی، ٹوٹے ہوئے فٹ پاتھ،اسٹریٹ لائٹس کا فقدان ،نکاسی آب سیوریج کے مسائل اور دیگر بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کر رہی ہے۔وفاقی ترقیاتی ادارہ کی جانب سے متعدد یقین دہانیوں کے باوجود ڈی بارہ مرکز آج بھی بنیادی شہری سہولتوں سے محروم ہے جس کے باعث تاجروں، سرمایہ کاروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ڈی بارہ مرکز کی ترقی نہ صرف مقامی تاجروں کے لیے فائدہ مند ہوگی بلکہ اسلام آباد کی مجموعی معاشی سرگرمیوں اور شہری خوبصورتی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
41