36

آزاد کشمیر میں موسلا دھار بارشوں سے جانی و مالی نقصان، عبداللہ حمید گل کا اظہارِ افسوس نقصانات کا جامع سروے اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں

اسلام آباد(سٹی رپورٹر) چیئرمین تحریک جوانان پاکستان محمد عبداللہ حمید گل نے آزاد جموں و کشمیر میں موسلا دھار بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بارشوں کے نتیجے میں حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔اپنے بیان میں عبداللہ حمید گل نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران سب سے زیادہ مشکلات عام شہریوں کو درپیش ہوتی ہیں، اس لیے حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز، مؤثر اور منظم بنایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی و انسانی امداد، محفوظ رہائش، خوراک، صاف پانی اور ضروری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ممکنہ مزید بارشوں اور خراب موسم کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات اور پیشگی تیاریوں کو یقینی بنائیں تاکہ مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ حساس اور خطرناک علاقوں میں ریسکیو ٹیموں، طبی عملے اور ضروری مشینری کی بروقت دستیابی یقینی بنانا بھی ناگزیر ہے۔چیئرمین تحریک جوانان پاکستان نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری قائم کی جائے تاکہ مشکل میں گھرے لوگوں تک بروقت امداد پہنچائی جا سکے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جامع سروے کرایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے کے لیے طویل المدتی بنیادوں پر بھی مؤثر حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں