23

اسلام آباد چیمبر اور فاؤنڈر گروپ کی برتری تحریر: خالد چوہدری پاکستان بھر کے چیمبرز آف کامرس اور تجارتی انجمنوں کے انتخابات کا عمل شروع ہونے والا ہے

اسلام آباد چیمبر اور فاؤنڈر گروپ کی برتری
تحریر: خالد چوہدری
پاکستان بھر کے چیمبرز آف کامرس اور تجارتی انجمنوں کے انتخابات کا عمل شروع ہونے والا ہے۔ مختلف اداروں میں جمہوری طریقے سے انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں اور کاروباری برادری اپنے نمائندوں کے انتخاب کی تیاری کر رہی ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وفاقی دارالحکومت کی تاجر و صنعت کار برادری کا ایک مؤثر اور نمائندہ ادارہ ہے، جو گزشتہ چار دہائیوں سے زائد عرصے سے کاروباری طبقے کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔اسلام آباد چیمبر کے قیام کو تقریباً بیالیس برس ہو چکے ہیں اور اس پورے عرصے میں فاؤنڈر گروپ کو نمایاں سیاسی اور انتخابی برتری حاصل رہی ہے۔ فاؤنڈر گروپ نے مختلف ادوار میں عروج و زوال اور اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا کیا، لیکن اس کے باوجود چیمبر کی سیاست میں اپنی مضبوط حیثیت برقرار رکھی۔ آج بھی فاؤنڈر گروپ اسلام آباد چیمبر کا سب سے منظم، تجربہ کار اور بااثر گروپ سمجھا جاتا ہے۔اس وقت فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین شیخ طارق صادق ہیں، جو انتہائی شریف النفس، ملنسار اور معاملہ فہم شخصیت کے مالک ہیں۔ وہ 2004ء میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ چیمبر اور فاؤنڈر گروپ کے لیے ان کی خدمات طویل عرصے پر محیط ہیں۔ وہ رواں سال دسمبر میں اپنی ذمہ داریوں سے سبک دوش ہونے والے ہیں، اس لیے فاؤنڈر گروپ کے مستقبل اور آئندہ قیادت کے حوالے سے موجودہ دور کو خاص اہمیت حاصل ہے۔فاؤنڈر گروپ کی کونسل تیرہ سینئر، تجربہ کار اور کاروباری برادری میں نمایاں مقام رکھنے والے اراکین پر مشتمل ہے۔ ان شخصیات نے نہ صرف اسلام آباد چیمبر بلکہ ایف پی سی سی آئی اور ملک کی دیگر اہم تجارتی تنظیموں میں بھی خدمات انجام دی ہیں۔بیر احمد ملک پاکستان کی تاجر سیاست کا ایک معتبر اور بڑا نام ہیں۔ وہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رہنے کے علاوہ اسلام آباد چیمبر کے صدر اور سینئر نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے آرگنائزنگ سیکرٹری کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ چیمبر اور تاجر سیاست میں ان کے وسیع تجربے کی وجہ سے انہیں کاروباری سیاست کا استاد سمجھا جاتا ہے۔عبدالرؤف عالم بھی فاؤنڈر گروپ کونسل کے انتہائی سینئر اور تجربہ کار رکن ہیں۔ وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رہنے کے ساتھ ساتھ ایف پی سی سی آئی کی صدارت کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔ کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور تجارتی اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ظفر بختاوری اس وقت ایف پی سی سی آئی میں برسراقتدار یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ہیں اور اسلام آباد چیمبر کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ ہمہ وقت متحرک رہنے والی کاروباری شخصیت ہیں اور تاجر سیاست کے نشیب و فراز سے بخوبی واقف ہیں۔ اسلام آباد کی کاروباری برادری میں وہ ایک مضبوط ووٹ بینک اور وسیع تعلقات کے حامل ہیں۔میاں اکرم فرید دو مرتبہ اسلام آباد چیمبر کے صدر رہ چکے ہیں، جبکہ ایف پی سی سی آئی میں نائب صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں اسلام آباد کی صنعت کار برادری کا ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد نمائندہ تصور کیا جاتا ہے۔خالد جاوید فاؤنڈر گروپ کونسل کے سینئر رکن اور اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر ہیں۔ ان کا خاندان بھی چیمبر کی خدمت کی ایک نمایاں تاریخ رکھتا ہے اور ان کے دو صاحبزادے بھی اسلام آباد چیمبر کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔محمد اعجاز عباسی بھی اسلام آباد چیمبر کی صدارت اور سینئر نائب صدارت کے منصب پر فائز رہ چکے ہیں۔ وہ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر بھی رہے اور تاجر و صنعت کار برادری کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ متحرک کردار ادا کرتے رہے ہیں۔میاں شوکت مسعود اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر اور فاؤنڈر گروپ کے ایک اہم رہنما ہیں۔ وہ آج کل بھی چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ہیں۔ اسلام آباد کے صنعتی علاقے اور فاؤنڈر گروپ میں انہیں ایک ممتاز اور باوقار مقام حاصل ہے۔خالد اقبال ملک بھی فاؤنڈر گروپ کونسل کے رکن اور اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر ہیں۔ وہ کاروباری برادری کے مسائل سے گہری واقفیت رکھتے ہیں اور چیمبر کے معاملات میں مؤثر کردار ادا کرتے رہے ہیں۔چوہدری وحید الدین ایک منجھے ہوئے اور تجربہ کار صنعت کار ہیں۔ وہ فاؤنڈر گروپ اور اسلام آباد کی صنعت کار برادری میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ اسی طرح شیخ عامر وحید اسلام آباد چیمبر کے صدر رہ چکے ہیں اور تاجر سیاست میں انتہائی فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔چوہدری مسعود احمد بھی کونسل کے رکن ہیں اور چیمبر کی سیاست اور کاروباری برادری میں اپنا الگ مقام رکھتے ہیں۔ احمد مغل اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر ہیں اور تاجر برادری کے معروف مرحوم رہنما منور مغل کے صاحبزادے ہیں۔ انہوں نے بھی اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کاروباری برادری کی خدمت کو اپنا مشن بنایا ہے۔شیخ عامر وحید چیمبر کے سابق صدر اور انڈسٹریل ایریا کے لیڈر ہیں۔فاؤنڈر گروپ کونسل کے تمام اراکین تجربہ کار، مخلص اور کاروباری برادری کی خدمت کا جذبہ رکھنے والی شخصیات ہیں۔ یہی اجتماعی تجربہ، باہمی رابطہ اور کاروباری برادری میں مضبوط جڑیں فاؤنڈر گروپ کی اصل طاقت ہیں۔اؤنڈر گروپ کے منشور کے مطابق ایک سال صنعت کار برادری اور دوسرے سال شہر کی تاجر برادری سے صدر منتخب کیا جانا طے پایا تھا۔ جب اسلام آباد چیمبر میں ہر سال انتخابات ہوتے تھے تو اس فارمولے پر عمل درآمد میں زیادہ مشکلات پیش نہیں آتی تھیں۔ تاہم بعد میں انتخابی مدت میں تبدیلی اور منشور پر مکمل طور پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے بعض مسائل اور تحفظات نے جنم لیا۔گزشتہ ہفتے صنعت سے تعلق رکھنے والے کونسل اراکین نے آئندہ سال کے لیے صدارت کے امیدوار کا اعلان کیا، جس پر بعض اراکین نے تحفظات کا اظہار کیا۔ بعدازاں عبدالرؤف عالم کی قیادت میں ایک دوسرے گروپ نے بھی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔ اس صورتِ حال سے فاؤنڈر گروپ کے اندر اختلافات بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔یہ بات خوش آئند ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے تمام اکابرین کو آمنے سامنے بٹھایا اور باہمی مشاورت سے ایک متفقہ فارمولے پر اتفاق کرا دیا۔ ان کی اس کاوش نے نہ صرف ممکنہ اختلافات کو کم کرنے میں مدد دی بلکہ فاؤنڈر گروپ کے اتحاد کو برقرار رکھنے کی راہ بھی ہموار کی۔
امید ہے کہ تمام فریقین طے پانے والے معاہدے اور متفقہ فارمولے کی پاسداری کریں گے۔ فاؤنڈر گروپ اور اس کے تمام اراکین کی عزت، وقار اور سیاسی مستقبل اسی میں ہے کہ فیصلوں پر خلوصِ نیت سے عمل کیا جائے۔ اگر کسی معاہدے پر اتفاق ہو جائے تو پھر ذاتی پسند و ناپسند اور وقتی مفادات سے بالاتر ہو کر اس کی پابندی کرنا ضروری ہوتا ہے۔
فاؤنڈر گروپ کی اصل طاقت کسی ایک فرد یا عہدے میں نہیں بلکہ اس کے اتحاد، رواداری، باہمی اعتماد اور سینئر قیادت کے اجتماعی تجربے میں پوشیدہ ہے۔ اختلافِ رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے، لیکن اختلاف کو ذاتی مخالفت یا مستقل تقسیم میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔ سینئر اراکین پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نوجوان اور نئے ممبران کے لیے اتحاد، برداشت اور باہمی احترام کی مثال قائم کریں۔اسلام آباد چیمبر کے تمام ممبران سے بھی استدعا ہے کہ وہ مجوزہ معاہدے پر عمل درآمد اور فاؤنڈر گروپ کے اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ جلد بازی، جذباتی فیصلوں اور غیر ضروری گروپ بندی سے گریز کیا جائے۔ سیاست میں ہر شخص اور ہر طبقے کی باری آتی ہے، لیکن اس کے لیے صبر، تدبر اور باہمی اعتماد ناگزیر ہے۔
فاؤنڈر گروپ گزشتہ چار دہائیوں سے اسلام آباد چیمبر کی سیاست میں اپنی برتری برقرار رکھے ہوئے ہے۔ اگر اس کی قیادت اور اراکین اتفاق، انصاف اور اپنے منشور کی پاسداری کو مقدم رکھیں تو مستقبل میں بھی اس کی برتری کو کوئی بڑا خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ذاتی مفادات کے بجائے ادارے، گروپ اور کاروباری برادری کے وسیع تر مفاد کو ترجیح دی جائے۔وابستہ رہ شجر سے، امیدِ بہار رکھ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں