کمشنر راولپنڈی سلمان غنی کا آر ڈی اے ہیڈکوارٹر کا دورہ، ادارے کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
راولپنڈی ( سٹا ف رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ آر ڈی اے ہیڈکوارٹر آمد پر نو تعینات ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے سلمان غنی کا ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے مسعود احمد بخاری، ڈائریکٹر ایڈمن نوشین اسرار اور ادارے کے دیگر سینئر افسران نے پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں آر ڈی اے کانفرنس روم میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے سلمان غنی نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور جذبۂ خدمت کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے سرکاری پالیسیوں، قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد، شفافیت، میرٹ، احتساب اور سرکاری امور کی بروقت انجام دہی کو ہر صورت یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ بین الادارہ جاتی روابط کو مزید مؤثر بنایا جائے، جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کی جائے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے خدمات کے معیار میں مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفادات کا تحفظ، منصوبہ بند شہری ترقی اور متعلقہ قوانین و ضوابط کا مؤثر نفاذ آرڈی اے کی اولین ترجیحات میں شامل رہے گا۔ کمشنر راولپنڈی نے مزید ہدایت کی کہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے، عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے اور انتظامی و ترقیاتی امور کے حل کے لیے فعال، مؤثر اور مثبت طرزِ عمل اختیار کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت، غیر ضروری تاخیر یا نظم و ضبط کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ ہر افسر اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں مکمل دیانتداری، لگن، احساسِ ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دے۔ کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے سلمان غنی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی حکومتِ پنجاب کے وژن کے مطابق شفاف طرزِ حکمرانی، پائیدار شہری ترقی، مؤثر ریگولیشن اور شہریوں کو معیاری، بروقت اور عوام دوست خدمات کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیتی رہے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون، ٹیم ورک اور پیشہ ورانہ عزم کے ذریعے آر ڈی اے نہ صرف اپنے ترقیاتی اہداف کامیابی سے حاصل کرے گی بلکہ ادارے پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔
29