اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) یومِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے زیرِ اہتمام پاکستان اسپورٹس کمپلیکس، نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں ایک شاندار نمائشی ہاکی میچ منعقد کیا گیا، جس میں اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن کی تشکیل کردہ ٹیم نے شرکت کی۔پاکستان اسپورٹس بورڈ اور اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن کے باہمی تعاون سے منعقدہ اس نمائشی میچ کا مقصد یومِ آزادی کی خوشیوں کو کھیلوں کے ذریعے اجاگر کرنا اور اسلام آباد میں ہاکی کے فروغ کو مزید تقویت دینا تھا۔ دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ٹیم نے اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن کی ٹیم کو 4-1 سے شکست دے دی۔میچ کے مہمانِ خصوصی سید ذیشان نقوی، سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد اور وزیراعظم پاکستان یوتھ اسپورٹس پروگرام کے سابق ترجمان تھے۔ انہوں نے حال ہی میں اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن کے پیٹرن اِن چیف کی دعوت قبول کی تھی اور پیٹرن اِن چیف بننے کے بعد پہلی مرتبہ ہاکی کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں یاور حسین ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد اسلام، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نصراللہ رانا اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ممتاز الحق، غلام تقی ۔ ایم ارشد سمیت پاکستان اسپورٹس بورڈ اور اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران سید سلیم رضا ۔مرزا نوید احمد،آصف بیگ غلفام کھوکھر یاسر بشیر کھلاڑیوں اور ہاکی سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے دوران یومِ آزادی کی مناسبت سے دو کیک بھی کاٹے گئے۔ ایک کیک پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یاور حسین اور دوسرے کیک کو اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن کے پیٹرن اِن چیف سید ذیشان نقوی نے دیگر معزز شخصیات کے ہمراہ کاٹا۔ شرکاء نے ملی جوش و جذبے کے ساتھ یومِ آزادی کی خوشیاں منائیں اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کے فروغ کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن کا باہمی تعاون خوش آئند ہے اور اس طرح کی سرگرمیوں سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
20