کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر محمد جاوید بلوانی نے عید الاضحیٰ کے دوران قربانی کے جانوروں کی آلائشیں فوری طور پر صاف کر کے شہر میں مثالی صفائی یقینی بنانے پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور حکومت سندھ کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہوئے کہاکہ کراچی چیمبر میئر کراچی اور حکومت سندھ کے متعلقہ اداروں کی بروقت، مربوط اور مؤثر صفائی مہم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ قربانی کے جانوروں کی بڑی تعداد کے باوجود آلائشوں کی فوری صفائی نے عوام کی سہولت، ماحول کی بہتری اور صحت عامہ کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں عیدالاضحیٰ کے دوران کراچی میں صفائی کے ناقص انتظامات سے تعفن، بیماریوں اور شہری پریشانیوں میں اضافہ ہوتا تھا لیکن اس سال شہر بھر میں بہتر منصوبہ بندی، مؤثر عمل درآمد اور مسلسل نگرانی کے باعث حالات میں واضح بہتری نظر آئی۔ جاوید بلوانی نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، اور دیگر متعلقہ اداروں کے عملے، افسران اور صفائی کرنے والے کارکنان کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے عید کے دنوں میں انتھک محنت کرکے ایک مشکل کام بخوبی انجام دیا۔ ان کا جذبہ اور فرض شناسی شہری خدمت کی ایک عمدہ مثال ہے۔ صدرکراچی چیمبر نے میئر کراچی کی جانب سے عید سے قبل چلائی گئی آگاہی مہم، اضافی مشینری، گاڑیوں اور عملے کی تعیناتی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی، ہیلپ لائنز اور سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال نے عوام کو بروقت شکایات درج کرانے اور ان کے فوری حل میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ حکومت سندھ اور شہری انتظامیہ کے درمیان یہ مربوط اور مؤثر اشتراک صرف عید کے مواقع تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پانی، سیوریج، تجاوزات، ٹریفک اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ جیسے دیگر شہری مسائل کے حل میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر ہر اُس اقدام میں تعاون کے لیے تیار ہے جو کراچی کی بہتری اور یہاں کے شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اٹھایا جائے۔ صفائی شہریوں کا بنیادی حق ہے اور ایک ترقی یافتہ تجارتی مرکز کے لیے ناگزیر ہے۔ جاوید بلوانی نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے حکومت سے شہری نظم و نسق میں مزید بہتری کی اپیل کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری کراچی کی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی کیونکہ کراچی پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔
82