اسلام آباد ( ندیم گلزار کھوکھر) اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی معاونت سے پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ آج ایس آئی ایف سی میں پاکستان کی معروف کمپنی فارورڈ اسپورٹس اور چین کے ژونگ زی ہواشین گروپ کے درمیان عالمی معیار کے اسپورٹس فٹ ویئر کی پاکستان میں مشترکہ پیداوار کے لیے تکنیکی اور سرمایہ کاری تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔فارورڈ اسپورٹس پاکستان کی صفِ اول کی اسپورٹس مصنوعات تیار کرنے والی کمپنی ہے، جو فیفا ورلڈ کپ کے لیے عالمی معیار کے فٹ بالز تیار کرنے کے ساتھ ساتھ اسپورٹس بیگز، ملبوسات اور لائف اسٹائل فٹ ویئر بھی تیار کرتی ہے۔ژونگ زی ہواشین گروپ چین کا ایک متنوع سرمایہ کاری اور اثاثہ جاتی انتظامی ادارہ ہے، جسے صنعتی ترقی، فٹ ویئر و ملبوسات کے صنعتی پارکس کے قیام اور علاقائی اقتصادی تعاون میں نمایاں مہارت حاصل ہے۔ایس آئی ایف سی کے زیرِ اہتمام منعقدہ دستخطی تقریب میں وفاقی وزیر دفاع، ڈائریکٹر جنرل ایس آئی ایف سی، پاکستان ریجنل اکنامک فورم کے چیئرمین، ژونگ زی ہواشین گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور فارورڈ اسپورٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے شرکت کی۔یہ معاہدہ پاکستان کی مضبوط پیداواری صلاحیت کو چین کی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی مہارت کے ساتھ یکجا کرے گا، جس کے نتیجے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی، صنعتی ترقی، روزگار کے نئے مواقع اور برآمدات میں تنوع کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ شراکت داری پاکستان کو تیزی سے ترقی کرتی عالمی فٹ ویئر مارکیٹ میں زیادہ مؤثر انداز میں اپنا حصہ بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے ہونے والا یہ معاہدہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی تعاون کے استحکام اور برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے حکومتی وژن کی عملی عکاسی کرتا ہے۔
37