اسلام آباد: (کامرس رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور ترکیہ کے سفارتخانے نے پاکستان ترکیہ تجارتی و معاشی تعلقات کو مزید تیز کرنے، کاروباری روابط کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کی قیادت کے مقرر کردہ 5 ارب ڈالر کے دوطرفہ تجارتی ہدف کے حصول کے لیے نجی شعبے کے کردار کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود کی قیادت میں جمعرات کے روز وفد کے ترکیہ کے سفارتخانے کے دورے کے دوران ہوا، جس میں استنبول میں منعقدہ بزنس اپورچونٹی کانفرنس، ایکسی لینس ایوارڈ تقریب اور کاروباری وفد کے دورے کے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔سردار طاہر محمود نے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو اور کمرشل قونصلر اینس ملک کا آئی سی سی آئی کے وفد کو فراہم کی جانے والی بھرپور معاونت اور سہولت کاری پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص پورے وفد کے ویزوں کے حصول میں ترک سفارتخانے کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس بروقت سہولت کاری سے پاکستانی کاروباری برادری کی استنبول میں ہونے والی کاروباری سرگرمیوں میں مؤثر شرکت ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی ترکیہ کے سفارتخانے کے تعاون کو پاکستان ترکیہ اقتصادی شراکت داری کے فروغ کے لیے انتہائی اہم سمجھتا ہے۔ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے آئی سی سی آئی کی جانب سے ترکیہ میں کاروباری وفد لے جانے اور استنبول میں بزنس اپورچونٹی کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کی سطح پر براہ راست روابط دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ترک سفارتخانہ پاکستان اور ترکیہ کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے آئی سی سی آئی کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔سردار طاہر محمود نے کہا کہ استنبول بزنس اپورچونٹی کانفرنس نے پاکستانی اور ترک کاروباری برادریوں کو براہ راست بی ٹو بی روابط، سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور نئے کاروباری مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنا ہے، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان موجود سیاسی و سفارتی قربت کو تجارتی اور معاشی میدان میں بھی نمایاں طور پر آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔دونوں جانب سے استنبول دورے اور بزنس اپورچونٹی کانفرنس کے نتائج پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اس مثبت پیش رفت کو عملی کاروباری نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے مسلسل رابطہ ضروری ہے۔ مزید کاروباری وفود، بی ٹو بی ملاقاتوں، مشترکہ منصوبوں اور مختلف شعبوں میں تجارتی روابط کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ 5 ارب ڈالر کے دوطرفہ تجارتی ہدف کے حصول کی جانب مؤثر پیش رفت کی جا سکے۔ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ آئی سی سی آئی صدر سردار طاہر محمود اور ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو باہمی اقتصادی تعلقات کے فروغ کے بنیادی مقصد کے لیے ذاتی سطح پر قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے تاکہ استنبول کانفرنس کے نتائج کو مزید آگے بڑھایا جا سکے اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے لیے ٹھوس مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور سیکرٹری جنرل غلام مرتضیٰ بھی وفد میں شامل تھے جبکہ ترک سفارتخانے کے کمرشل قونصلر مسٹر اینس ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔
13