گلگت ( بیو رو چیف ) ڈائریکٹر جنرل بیسک ایجوکیشن اینڈ کمیونٹی اسکولز (بی ای سی ایس) حمید خان نیازی نے گلگت بلتستان میں پہلی مرتبہ تحصیل سطح پر کنٹینیوس پروفیشنل ڈیولپمنٹ (CPD) اساتذہ تربیتی پروگرام کا افتتاح کر دیا، جس کا مقصد دور دراز علاقوں میں تدریسی معیار کو بہتر بنانا اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔تین مراحل پر مشتمل یہ تربیتی پروگرام 7 جولائی سے 23 جولائی 2026 تک جاری رہے گا، جس کے تحت گلگت بلتستان بھر کے 24 تربیتی مراکز میں 776 اساتذہ کو تین روزہ سی پی ڈی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں جدید تدریسی طریقوں، کلاس روم مینجمنٹ اور طلبہ کی مؤثر رہنمائی سے متعلق مہارتیں سکھائی جا سکیں۔ہلا مرحلہ 7 سے 9 جولائی تک شگر، اسکردو، کھرمنگ اور استور کے آٹھ مراکز میں 263 اساتذہ کی تربیت پر مشتمل ہے۔ دوسرا مرحلہ 14 سے 16 جولائی تک غذر، گانچھے اور دیامر کے آٹھ مراکز میں 255 اساتذہ کو تربیت دے گا، جبکہ تیسرا مرحلہ 21 سے 23 جولائی تک گلگت، ہنزہ اور نگر کے آٹھ مراکز میں 258 اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافہ کرے گا۔حکام کے مطابق اس پروگرام کا مقصد سی پی ڈی کو ضلعی اور تحصیل سطح تک پہنچانا ہے تاکہ دور افتادہ اور پہاڑی علاقوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو طویل سفر کے بغیر اپنے ہی علاقوں میں معیاری تربیت میسر آ سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل بی ای سی ایس حمید خان نیازی نے کہا کہ پہلی مرتبہ تحصیل سطح پر سی پی ڈی پروگرام کا آغاز ادارے کے اس عزم کا مظہر ہے کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کے ذریعے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کی بنیاد تربیت یافتہ اساتذہ ہیں اور یہ اقدام پسماندہ علاقوں میں تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پروگرام تدریسی طریقہ کار، ادارہ جاتی استعداد اور طلبہ کے تعلیمی نتائج میں نمایاں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہوگا اور گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو مساوی پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرے گا۔
46