اسلام آباد۔3نومبر (سٹاف رپورٹر):پارلیمانی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت، صدر شعبہ خواتین ونگ پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد فرح ناز اکبر کی قیادت میں 500 گرل گائیڈز نے یادگار فتح کا دورہ کیا اور پاک فوج کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔منگل کو جاری بیان کے مطابق پارلیمانی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، صدر شعبہ خواتین ونگ پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آباد اور صدر آئی سی ٹی چیپٹر پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن فرح ناز اکبر کی قیادت میں 500 گرل گائیڈز نے یادگار فتح H-8 اسلام آباد کا دورہ کیا۔پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن اسلام آباد چیپٹر کے زیر اہتمام اس پُروقار دورے میں گرل گائیڈز نے یادگارِ فتح پر حاضری دی، پھول رکھے اور وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی عظیم اور لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر گرل گائیڈز نے معرکہ حق میں افواج پاکستان کی تاریخی اور شاندار کامیابی پر پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور شہدائے معرکہ حق کو سلام عقیدت پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرح ناز اکبر نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے جس جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے وطن کا دفاع کیا وہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں حب الوطنی، قومی شعور اور احساس ذمہ داری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نوجوان بچیوں کو بااختیار بنانے اور ان میں قائدانہ صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یادگار فتح پر 500 گرل گائیڈز کی شرکت قومی یکجہتی، اتحاد اور حب الوطنی کے جذبے کی عکاس ہے اور یہ ثابت کرتی ہے کہ پاکستان کی بچیاں قومی ترقی اور معاشرتی خدمت میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
1
