1

پاکستان میں فرانس کے سفیر ژاں نوئل پواغیئے (H.E. Mr. Jean-Noël Poirier) نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا

اسلام آباد (سٹی رپورٹر) پاکستان میں فرانس کے سفیر ژاں نوئل پواغیئے (H.E. Mr. Jean-Noël Poirier) نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ اور سینئر صحافیوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران فرانسیسی سفیر نے نیشنل پریس کلب میں پودا بھی لگایا اور پریس کلب کے مختلف شعبوں، سہولیات اور صحافتی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ حاصل کی۔اس موقع پر نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال نے فرانسیسی سفیر کو پریس کلب آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب صحافیوں کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ تربیت اور صحافتی سرگرمیوں کے فروغ میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے فرانسیسی سفیر کے دورے کو پاکستان اور فرانس کے درمیان میڈیا روابط اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔نیشنل پریس کلب کے سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ نے فرانسیسی سفیر کو پریس کلب کی تاریخ، تنظیمی ڈھانچے، صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے جاری اقدامات اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے، انہیں جدید صحافتی مہارتوں سے آراستہ کرنے اور بین الاقوامی میڈیا کے طریقہ کار سے روشناس کرانے کیلئے تربیتی پروگراموں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ڈاکٹر فرقان راؤ نے امید ظاہر کی کہ فرانسیسی سفارتخانے کے تعاون سے پاکستانی صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے مختلف تربیتی ورکشاپس اور پیشہ ورانہ نشستوں کا اہتمام کیا جائے گا، جن کے ذریعے صحافیوں کو جدید صحافت، ابلاغی مہارتوں اور بین الاقوامی صحافتی تجربات سے سیکھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب پاکستان اور فرانس کے درمیان صحافتی اور ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔فرانسیسی سفیر ژاں نوئل پواغیئے نے نیشنل پریس کلب کے عہدیداران اور صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی صحافیوں کیلئے ان کے دروازے کھلے ہیں اور وہ نیشنل پریس کلب کے ساتھ مل کر کام کرنے اور باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے اور خیالات کے تبادلے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔فرانسیسی سفیر کے دورے کو دونوں ممالک کے درمیان میڈیا روابط کے فروغ، پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے اور پاکستانی صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔ اس موقع پر باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں مشترکہ سرگرمیوں کے انعقاد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آخر میں نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال نے فرانسیسی سفیر ژاں نوئل پواغیئے کا پریس کلب کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ملاقات پاکستان اور فرانس کے درمیان صحافتی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں