1

آئی جی اسلام آباد کی پولیس افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے اہم اقدامات۔

اسلام آ باد ( کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیر صدارت ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق اور اے ڈی ڈویلپمنٹ کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد پولیس کے افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود، رہائشی سہولیات کی بہتری، بنیادی ضروریات کی فراہمی اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پولیس ملازمین کو بہتر اور معیاری سہولیات کی فراہمی، رہائشی عمارتوں اور بیرکس کی بہتری، دفاتر اور دیگر پولیس تنصیبات میں ضروری سہولیات کی فراہمی سمیت فلاحی منصوبوں پر عملدرآمد سے متعلق امور زیر غور آئے۔ اس موقع پر جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار، معیار اور مقررہ مدت میں تکمیل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران و جوان شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے دن رات فرائض انجام دیتے ہیں، لہٰذا ان کی فلاح و بہبود، بہتر رہائشی ماحول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی محکمہ کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس ملازمین کے لیے جاری فلاحی اقدامات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران و جوانوں کو سازگار ماحول اور ضروری سہولیات کی فراہمی سے نہ صرف ان کے مسائل میں کمی آئے گی بلکہ ان کی پیشہ ورانہ استعداد، کارکردگی اور مورال میں بھی بہتری آئے گی۔ تمام متعلقہ افسران منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی کریں اور کسی بھی قسم کی غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔اسی سلسلے میں ڈی آئی جی لاء اینڈ آرڈر / ٹریننگ محمد عتیق طاہر نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں پولیس جوانوں کی سہولت کے لیے جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی منصوبے پر پیش رفت، کام کے معیار اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کیں کہ تمام کام مقررہ معیار اور طے شدہ مدت کے مطابق مکمل کیا جائے۔ڈی آئی جی محمد عتیق طاہر نے ہدایت کی کہ پولیس جوانوں کے لیے رہائشی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری کو ترجیح دی جائے، تعمیراتی کام میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور جوانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو عملی طور پر بہتر بنایا جائے۔اسلام آباد پولیس اپنے افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود، بہتر رہائشی ماحول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان اقدامات کا مقصد پولیس فورس کے مسائل کا ازالہ، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری اور شہریوں کو مزید مؤثر اور بہتر پولیس خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں