اسلام آباد۔ (ندیم گلزارکھوکھر):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس میں حقیقی سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، قانون سب کے لئے برابر ہے، ایک ہی شہر میں امیر اور غریب کے درمیان امتیاز نہیں ہونا چاہئے۔ بدھ کو یہاں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ایک ہی شہر میں امیر اور غریب کے درمیان امتیاز نہیں ہونا چاہئے، تجاوزات کے خلاف کارروائی میں کسی غریب کے تھڑے کو پیچھے کیا جائے یا غیر قانونی عمارت مسمار کی جائے تو یہ نہیں ہو سکتا کہ امیر اور بااثر افراد اس میں سے نکل جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کیس کی تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی جس نے 2000ء میں منصوبے کے ایوارڈ کے وقت تمام متعلقہ افسران کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے اپنی حلال کمائی سے یہاں فلیٹس خریدے، چاہے وہ پاکستان میں مقیم ہیں یا بیرون ملک، جے آئی ٹی نے ان کے تحفظ کی بھی سفارش کی ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ کانسٹی ٹیوشن ون ایونیو میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ منصوبے کی ری ٹینڈرنگ اور ری ڈیزائننگ کی جائے گی جبکہ اس کا پورا ماڈل تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد نے اس منصوبے میں فلیٹس خریدے یا سرمایہ کاری کی اور انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ منصوبے کا کنٹریکٹ مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے اور ملی بھگت سے من پسند کمپنی کو دیا گیا، ان کے حقوق کا بھی تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے وژن کے مطابق آج کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ اسلام آباد میں غریب اور امیر کے درمیان امتیاز کیا جاتا ہے۔ اس کیس میں نیب کی تحقیقات تین ماہ میں مکمل کی جائیں گی جس کے بعد ٹرائل کا عمل شروع ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیب تحقیقات میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔ جے آئی ٹی نے منصفانہ انداز میں کام کرتے ہوئے جرائم کی تفصیلات اور ان میں ملوث افراد کی نشاندہی کی ہے اور نیب کو مزید تحقیقات کے لئے لائحہ عمل بھی تجویز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ مساوات کا عمل ہے جس کے تحت کوئی بھی قانون کی گرفت سے باہر نہیں۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ کو کابینہ میں سراہا گیا اور تمام کابینہ ارکان نے اس کی توثیق کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ منصوبے کے مرکزی ٹھیکیدار عبدالحفیظ شیخ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل ہے۔ نیب کی تحقیقات میں تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں موجود ہیں۔ نیب مزید تحقیقات کرتے ہوئے معاملے کو میرٹ پر آگے بڑھائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے اور کسی کے ساتھ رعایتی سلوک نہیں کیا جا رہا، اگر اسلام آباد میں کسی غریب شخص کا تھڑا ہٹایا جاتا ہے تو ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو میں بھی اسی اصول کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی قسم کی مداخلت نہیں ہوگی۔
2
