اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے بدھ کے روز اسلام آباد میں شاہ اللہ دتہ بدھا غاروں کے تحفظ و بحالی منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ یہ منصوبہ پاکستان کے تاریخی بدھ مت ورثے اور مشترکہ ثقافتی تاریخ کے تحفظ اور فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔افتتاح کے بعد حمزہ شہباز شریف نے تاریخی غاروں کا دورہ کیا، جہاں سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد رحمان گیلانی نے انہیں منصوبے کی تکمیل، اہم خصوصیات اور مجموعی لاگت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر غاروں کی تاریخی اور مذہبی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، جو اس خطے میں بدھ مت کے پیروکاروں کی موجودگی اور مذہبی عبادات کی قدیم تاریخ کا اہم ثبوت ہیں۔ تقریب کے دوران شاہ اللہ دتہ غاروں کے تاریخی پس منظر اور آثارِ قدیمہ کی اہمیت پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے تاریخی مقام کے تحفظ اور بحالی کے لیے وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرسبز درختوں اور خوبصورت پہاڑوں کے درمیان اس تاریخی مقام پر موجودگی ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مذہب اسلام ہمیں دیگر مذاہب کے احترام، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی عبادت گاہوں کی حفاظت کا درس دیتا ہے۔ ایسے اقدامات نہ صرف پاکستان کے مثبت اور روشن تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کریں گے بلکہ ملکی ثقافتی ورثے کو بھی دنیا کے سامنے متعارف کرائیں گے۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ شاہ اللہ دتہ بدھا غاروں کی بحالی سے یہ مقام ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایک پُرکشش تاریخی و ثقافتی مرکز بن سکے گا۔ انہوں نے غاروں تک بہتر اور براہِ راست سڑک کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی سے درخواست کی کہ وہ متعلقہ حکام کے ساتھ اس معاملے کو اٹھائیں اور بہتر رابطہ سڑک کی تعمیر کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر سفری سہولیات سے سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا، مقامی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور علاقے کی معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ایسے تفریحی مقامات میسر آنے چاہئیں جہاں خاندان پاکستان کی تاریخی اور قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہو سکیں۔انہوں نے سفارت کاروں اور بالخصوص بدھ مت کے پیروکار ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ اس تاریخی مقام کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مقام باہمی احترام، مذہبی ہم آہنگی اور مشترکہ ثقافتی ورثے کی علامت بنے گا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے دعا بھی کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے منصوبے کے افتتاح پر حمزہ شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کے تاریخی بدھ مت ورثے کے تحفظ اور بحالی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) اور ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ شاہ اللہ دتہ بدھا غاروں کی تاریخی اور مذہبی اہمیت کو اجاگر کرنے اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں، بالخصوص بدھ مت کے پیروکار ممالک سے آنے والے زائرین کو اس مقام کی جانب راغب کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔وفاقی وزیر نے سفارت کاروں کو یقین دلایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان بھر میں بدھ مت کے تمام تاریخی مقامات کے تحفظ اور بحالی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے ثقافتی سفارت کاری کے فروغ، بین المذاہب ہم آہنگی کے استحکام اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔تقریب میں وفاقی وزیر رانا مبشر، رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان، سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان شاہ، ایس اے پی ایم عون چوہدری، ایس اے پی ایم طلحہ برکی، اعلیٰ سرکاری حکام، بدھ مت کے پیروکار ممالک کے سفارت کاروں اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان شاہ نے حمزہ شہباز شریف کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
2
