اسلام آباد (خصوصی نمائندہ: محمد شبیر خان) کوآرڈینیٹر ٹو چیئرمین تحریکِ استحکامِ پاکستان میر محمد علی نے کہا ہے کہ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA) میں منعقدہ سلک فیسٹیول ثقافتی ہم آہنگی، علاقائی روایات اور مقامی ہنر کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے۔ ایسے پروگرام پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے اور مقامی ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔سلک فیسٹیول کے دوران مختلف ثقافتی اسٹالز سجائے گئے، جہاں علاقائی ثقافت، روایتی دستکاری، مقامی مصنوعات اور ثقافتی اشیا کو خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا۔ ان اسٹالز کے ذریعے مختلف علاقوں کی تہذیب، روایات اور ہنرمندی کو نمایاں کرنے کا موقع ملا، جبکہ شرکاء نے بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔میر محمد علی کے حوالے سے کہا گیا کہ ثقافتی تقریبات معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور قومی ثقافتی شناخت کو مضبوط بنانے میں اہمیت رکھتی ہیں۔ اس طرح کے پروگرام دستکاروں اور مقامی کاروبار سے وابستہ افراد کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے اور انہیں وسیع پیمانے پر پذیرائی دلانے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف ثقافتوں، زبانوں، روایات اور علاقائی رنگوں کا حسین امتزاج ہے۔ ایسے میلوں کے انعقاد سے نہ صرف مختلف علاقوں کی ثقافتی خصوصیات کو ایک پلیٹ فارم پر پیش کیا جاتا ہے بلکہ نئی نسل کو اپنے تاریخی اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے میں بھی مدد ملتی ہے۔پی این سی اے میں منعقدہ سلک فیسٹیول ثقافت، روایات اور مقامی ہنر کو اجاگر کرنے کی ایک اہم سرگرمی ہے۔ اس طرح کی تقریبات کا تسلسل مقامی دستکاری اور ہنرمندی کے فروغ کے ساتھ پاکستان کے مثبت تشخص کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
4
