اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہاہے کہ آزادکشمیر میں انسانی جانوں کا ضیاع قابل مذمت ہے، مسئلے کا پرامن حل تلاش کیا جائے، انسانی جان کا تحفظ ہر مہذب معاشرے اور ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، تشدد کسی مسئلے کو حل نہیں، تمام واقعات کی شفاف، غیر جانبدار اور قانون کے مطابق تحقیقات کی جائیں، ذمہ داران کا تعین کیا جائے،، آزاد کشمیر کے عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں، اپنے ایک بیان میںانہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں، بالخصوص میرپور، راولاکوٹ اور دیگر مقامات پر پیش آنے والے حالیہ افسوسناک واقعات پر گہری تشویش کا اظہاراور ہونے والی شہادتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور قابلِ تشویش امر ہے، انسانی جان کا تحفظ ہر مہذب معاشرے اور ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، تشدد کسی مسئلے کو حل نہیں۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ کسی بھی ملک یا ریاست میں حکومت ماں کا کردار ادا کرتی ہے اور بڑے تحمل و بردباری سے لوگوں کے مسائل سنتی ہے اور انہیں حل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ تشدد کا راستہ کوئی مثبت نتیجہ نہیں دے سکتا بلکہ اس سے مسائل مزید پیچیدہ ہوں گے، واحد اور بہترین راستہ مذاکرات و افہام و تفہیم ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کونسل ای یو متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام واقعات کی شفاف، غیر جانبدار اور قانون کے مطابق تحقیقات کی جائیں، ذمہ داران کا تعین کیا جائے، اور آزاد کشمیر کے عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔علی رضا سید نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ عوامی مسائل اور مطالبات کو سننا، ان کے ساتھ بامعنی مکالمہ کرنا اور قانونی و جمہوری ذرائع سے ان کا حل تلاش کرنا ہی پائیدار امن اور امان کی ضمانت ہے۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے اس امر پر بھی زور دیا کہ آزاد جموں و کشمیر ایک نہایت حساس خطہ ہے اور مسئلہ کشمیر کے تناظر میں اس کی خصوصی اہمیت ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام نے تحریکِ آزادی کشمیر میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ موجودہ حالات میں دانشمندانہ، ذمہ دارانہ اور دور اندیش طرزِ عمل اختیار کرنا ناگزیر ہے تاکہ کوئی ایسی صورتحال پیدا نہ ہو جس سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچے یا ایسے عناصر کو فائدہ حاصل ہو جو کشمیری عوام اور پاکستان کے مفادات کے خلاف سرگرم ہیں۔انہوں نے کشمیر کونسل ای یو آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں، حکومتی اداروں، سول سوسائٹی اور پاکستان کی سیاسی قیادت سے اپیل کرتی ہے کہ وہ صورتحال کے پرامن، سیاسی اور قانونی حل کے لیے سنجیدہ اور مؤثر کردار ادا کریں۔ ہم تمام فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ تحمل، برداشت، قانون کی حکمرانی اور عوامی حقوق کے احترام کو مقدم رکھا جائے تاکہ خطے میں امن، استحکام اور عوام کا اعتماد برقرار رہے۔
29