اسلام آباد(سٹی رپورٹر)ممبر بورڈ آف گورنرز حافظ محمد بشارت نے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (FBISE) کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں امتحانی نظام سے وابستہ ممتحنین، سپروائزری اسٹاف اور دیگر امتحانی عملے کے اعزازیوں، الاؤنسز میں نظرثانی کی تجاویز کو اکثریت رائے سے منظورکرنے کے فیصلے پر چیئرمین فیڈرل بورڈ اور بورڈ آف گورنرز کے تمام معزز اراکین کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتحانی عملے کے اعزازیوں میں اضافہ ایک دیرینہ مطالبہ تھا، جسے مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے پیش نظر پورا کرنا ناگزیر ہو چکا تھا۔حافظ محمد بشارت نے کہا کہ انہوں نے امتحانی عملے، ممتحنین، پیپر سیٹرز، سپرنٹنڈنٹس، انویجیلیٹرز اور دیگر متعلقہ عملے کے اعزازیوں میں اضافے کی ضرورت کو بھرپور انداز میں بورڈ کے سامنے اٹھایا، جس پر چیئرمین فیڈرل بورڈ نے مثبت کردار ادا کرتے ہوئے یہ تجاویز بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں پیش کیں۔ اجلاس میں اراکین نے اس کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اکثریت سے ان تجاویز کی منظوری دی۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے امتحانی نظام سے وابستہ ہزاروں اساتذہ اور دیگر ملازمین کی حوصلہ افزائی ہوگی۔حافظ محمد بشارت نے ایک مرتبہ پھر چیئرمین فیڈرل بورڈ، بورڈ آف گورنرز کے تمام معزز اراکین اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اہم اور دیرینہ مطالبے کی منظوری میں اپنا مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس فیصلے سے امتحانی نظام مزید مؤثر، شفاف اور مضبوط ہوگا اور امتحانی عملے کی خدمات کا بہتر انداز میں اعتراف ممکن ہو سکے گا۔
2