اسلام آباد 3اگست( سٹاف رپورٹر)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اپنے طلبہ کو صرف اعلیٰ تعلیم ہی نہیں بلکہ عالمی معیار کی مہارتوں، غیر ملکی زبانوں اور بین الاقوامی روزگار کے مواقع سے ہم آہنگ کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ”جاپان تعلیمی و پیشہ ورانہ آگاہی ورکشاپ” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں قائم “جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر، ترک زبان و ثقافتی مرکز اور روسی زبان و ثقافتی مرکز” طلبہ کو عالمی معیار کی زبانوں، ثقافتی آگاہی اور جدید پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں بین الاقوامی تعلیم، تحقیق، وظائف اور روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مراکز کے ذریعے طلبہ نہ صرف مختلف ممالک کی زبانوں اور ثقافتوں سے واقف ہو رہے ہیں بلکہ عالمی معیار کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ ماحول میں کامیابی کے لیے درکار صلاحیتیں بھی حاصل کر رہے ہیں۔وائس چانسلر نے کہا کہ جاپان میں کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں۔ جاپانی قوم دیانت داری، محنت، نظم و ضبط اور قانون کی پاسداری کو بنیادی اقدار سمجھتی ہے اور غلط یا غیر قانونی ذرائع کی کوئی گنجائش نہیں رکھتی۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ اگر وہ جاپان میں تعلیم یا روزگار کے خواہاں ہیں تو ہمیشہ قانونی اور درست راستہ اختیار کریں کیونکہ جاپانی معاشرہ سچے، باکردار اور ذمہ دار افراد کو ہی ترجیح دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر زبان، ثقافت اور روزگار تک رسائی کے لیے رہنمائی کا ایک جامع پلیٹ فارم ہے جہاں طلبہ کو جاپانی زبان کی تعلیم، جاپانی معاشرے سے آگاہی اور روزگار کے مواقع کے بارے میں عملی رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان دنیا کے بہترین آجرین میں شمار ہوتا ہے، جہاں محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کی ہمیشہ قدر کی جاتی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ یونیورسٹی کے ان مراکز اور دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کریں، اپنی صلاحیتوں کو عالمی تقاضوں کے مطابق نکھاریں اور بین الاقوامی تعلیم، تحقیق، روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف اپنے روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت اور باوقار تشخص بھی اجاگر کریں۔ورکشاپ کی ریسورس پرسن، جاپان سے تعلق رکھنے والی “مایومی تاکاشیما” نے جاپان میں تعلیم، روزگار اور قانونی ویزا کے مواقع پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے مختلف ویزا پروگراموں، جاپانی زبان کی اہمیت، محفوظ کیریئر پلاننگ اور قانونی ذرائع سے جاپان جانے کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیے اور جاپان میں تعلیم و ملازمت کے مختلف مواقع سے متعلق مفید معلومات فراہم کیں۔ورکشاپ سے جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر کے ڈائریکٹر بہرام شاہ، لقمان چیمہ اور ڈائریکٹوریٹ آف کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی ڈائریکٹر ڈاکٹر صائمہ ناصر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر کے وژن، مشن اور طلبہ کے لیے اس کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
15