راولپنڈی(آفاق کھوکھر ) میں پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے تین سالہ انتخابات کے سلسلے میں اتوار کے روز مقامی ہوٹل میں سوسائٹی کی 65ویں جنرل کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم (ہلال امتیاز ملٹری )بلا مقابلہ دوبارہ صدر منتخب ہو گئے۔ اجلاس میں ایڈمرل عبدالعیم، ایئر مارشل پرویز نواز، بریگیڈیئر ذوالفقار شاہین، کموڈور ارشد محمود، عزیز احمد اعوان، خالد محمود قاضی، کرنل سید جمشید حسین شاہ، بریگیڈیئر عاصم (اٹک)، بریگیڈیئر ظفر اقبال (چکوال)، بریگیڈیئر جاوید اقبال (لاہور)، بریگیڈیئر ایم فاروق شوکت (کراچی)، چیف پیٹی آفیسر سعید الرحمن (مانسہرہ) کے علاوہ ملک بھر سے سوسائٹی کے ممبران اور عہدیداران نے شرکت کی۔نو منتخب صدر کے انتخاب کے بعد پاکستان بھر کے 40 لاکھ سے زائد سابق فوجیوں کی نمائندہ تنظیم کے اراکین نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو تنظیم کا اعزازی پیٹرن چیف مقرر کرنے کا اعلان کیا۔اور لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم کو دوبارہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کا بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارک باد ہیش کی ۔اپنے انتخاب کے فوری بعد لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم نے عزیز احمد اعوان کو آئندہ تین سال کے لیے دوبارہ چیف آرگنائزر اور میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہیں رابطہ سیکرٹری کی اضافی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئیں۔اجلاس میں جنرل سید عاصم منیر کو پوری دنیا میں امن کے قیام کے لیے نوبل انعام دینے کا مطالبہ کیا گیا، جبکہ سوشل میڈیا پر افواجِ پاکستان پر تنقید کرنے والوں کی شدید مذمت بھی کی گئی۔ اجلاس کے دوران ایک لیفٹیننٹ جنرل، 7 میجر جنرلز اور 16 بریگیڈیئرز نے پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے نو منتخب صدر لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے سابق فوجیوں کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور تنظیم کو مزید مضبوط و فعال بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پرلیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم نے سابق فوجی افسران، جونیئر کمیشنڈ افسران، جوانوں اور سوسائٹی کے دیگر ممبران کی جانب سے ایک بار پھر بھرپور اعتماد کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کو مزید فعال، مضبوط اور مؤثر بنایا جائے گا، سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق کے تحفظ اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم ملک بھر کے سابق فوجیوں کی نمائندہ آواز کے طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی اور ان کے جائز حقوق کے حصول کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔
79