19

۔ اسلام آباد میں 150 ایکڑ پر اسلام، تاریخ اور مسلح افواج سمیت دیگر شعبوں کے 8 عالمی معیار کے عجائب گھر بنیں گے، وزیر داخلہ محسن نقوی

اسلام آباد۔ (نیوز رپورٹر):وفاقی دارالحکومت کے علاقے ملپور میں 150 ایکڑ اراضی پر مختلف قومی اور تاریخی شعبوں کی نمائندگی کے حامل 8 بڑے بین الاقوامی معیار کے میوزیمز تعمیر کیے جائیں گے۔ ان میوزیمز میں نیشنل ہیریٹیج میوزیم، تاریخ (ہسٹری) میوزیم، پاکستان کی مسلح افواج (آرمڈ فورسز) کا میوزیم اور اسلامک میوزیم سمیت دیگر شعبوں کے عجائب گھر شامل ہوں گے جن کے ذریعے پاکستان کے تاریخی ورثے، اسلامی اقدار اور دفاعی خدمات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔یہ بات وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے علاقے ملپور کے دورے کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ، ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد، چیئرمین سی ڈی اے اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے دورے کے دوران سرکاری اراضی اور مجوزہ منصوبے کی جگہ کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ ملپور میں سرکاری زمین پر تعمیرات کے حوالے سے 108 کنال اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ اس سے متصل تقریباً 150 ایکڑ رقبے کو اس میگا پروجیکٹ کے لیے مختص کیا گیا ہے تاکہ دارالحکومت میں ثقافتی و تاریخی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔سرکاری زمینوں پر تجاوزات اور ناجائز قبضوں کے خلاف سخت ترین پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں قیمتی سرکاری اراضی اور اپارٹمنٹس پر دہائیوں سے قابض عناصر سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ سرکاری زمینوں پر قبضوں میں جتنا قصور قبضہ مافیا کا ہے، اتنا ہی قصور سی ڈی اے کے ان متعلقہ افسران کا بھی ہے جنہوں نے ماضی میں ان غیر قانونی اقدامات کی راہ ہموار کی، اس لیے دونوں برابر کے قصوروار ہیں اور ان کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اسلام آباد میں غوری ٹاؤن سمیت تقریباً 150 ہاؤسنگ سوسائٹیاں غیر قانونی ہیں جن کے خلاف انتظامیہ اور سی ڈی اے مکمل متحرک ہو کر سخت قانونی ایکشن لے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں