21

وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات ،پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی اصلاحات اور ترقیاتی ترجیحات میں تعاون پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔ (ندیم گلزارکھوکھر ):وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان تعاون کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔برطانوی ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر کو 2027 کے لئے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بورڈز آف گورنرز کا چیئرمین مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔ وفاقی وزیر نے ان کی نیک خواہشات کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر احد چیمہ نے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر اہم شعبوں کو مضبوط بنانے کے لئے وزیراعظم کی ترجیحات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی ترقی کے فروغ کے لئے شعبہ جاتی اصلاحات اور پالیسیاں اپنا رہی ہے۔احد چیمہ نے کہا کہ حکومت ترقیاتی شراکت داروں اور کثیرالجہتی سرمایہ کاری کو بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے جبکہ تعاون اور سرمایہ کاری کو مزید سہل بنانے کے لئے بھی کام جاری ہے۔وزیر اقتصادی امور نے پاکستان میں استعدادِ کار بڑھانے اور اصلاحاتی اقدامات کے لئے برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس (ایف سی ڈی او) کی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی ڈی او وزیراعظم آفس کے ساتھ مل کر حکومت کی جاری اصلاحاتی کوششوں پر قریبی تعاون کر رہا ہے اور اس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔ جین میریٹ نے کہا کہ ایف سی ڈی او حکومتِ پاکستان کی معاونت جاری رکھے گا۔ انہوں نے معیشت کی بہتری کے لئے حکومتی کوششوں کو سراہا اور مختلف شعبوں میں جاری اصلاحات کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں قریبی روابط برقرار رکھنے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات، بشمول استعدادِ کار میں اضافے اور اصلاحاتی اقدامات، میں تعاون جاری رکھنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں