*آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کینٹ سرکل کے انتخابات*
راولپنڈی(بیورو چیف ) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) آئیسکو راولپنڈی کینٹ سرکل کے انٹرنل الیکشن میں ملک قمر فاروق کلیامی مسلسل دوسری بار زونل چیئرمین اور عامر سہیل زونل سیکرٹری منتخب ہو گئے جبکہ ملک لیاقت علی خان کو سینئر وائس چیئرمین، عالمگیر پراچہ کو وائس چیئرمین، راجہ شاہد زمان کو جوائنٹ سیکرٹری اور ظفر اقبال وڑائچ کو زونل سیکرٹری انفارمیشن منتخب کر لیا گیا۔ یونین کے ریجنل سیکرٹری انفارمیشن سجاد حسین ساجد کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق تمام عہدیداران کا انتخاب آئین کے تحت اگلے دو سال کی مدت کیلئے باہمی اتفاق رائے سے بلامقابلہ عمل میں آیا ہے۔ آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کینٹ سرکل کے انتخاب کے سلسلے میں اجلاس آئیسکو کمپلیکس میں منعقد ہوا، جس میں کینٹ سرکل کے زیرانتظام تمام ڈویژنوں کے عہدیداران شریک ہوئے۔ کینٹ ڈویژن سے ڈویژنل چیئرمین راجہ کامران سلیم اور مہتاب کرامت، طارق آباد سے ڈویژنل چیئرمین امین خٹک اور ڈویژنل سیکرٹری عزادار شاہ نقوی، روات سے ڈویژنل چیئرمین شبر امیر، جبکہ مندرا سے ڈویژنل چیئرمین راجہ طارق محمود سمیت حافظ ناصر محمود، رب نواز راجہ، راجہ محمد قدیر، رجب علی، محمد عارف بلوچ، راجہ شاہد زمان، ابرار حسین طوری، سکندر خان، محمد اظہر، لیاقت علی، عالمگیر پراچہ، عدنان ظریف ستی اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں باہمی مشاورت سے کینٹ سرکل کی نئی زونل باڈی کا متفقہ انتخاب عمل میں لایا گیا۔ دریں اثناء یونین کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ نے کینٹ سرکل میں یونین انتخابات کی تکمیل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے زونل چیئرمین قمر فاروق کلیامی اور زونل سیکرٹری عامر سہیل سمیت تمام نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کی ہے انہوں نے انتخابات کے پرامن انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے یقین کا اظہار کیا ہے کہ کینٹ سرکل کے نومنتخب عہدیداران ہمیشہ کی طرح ملازمین کی فلاح و بہبود، بجلی صارفین کی مثالی خدمت اور ادارے کی ترقی و نیک نامی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے اور آئیسکو کی بطور کمپنی پاکستان بھر میں نمبر ون حیثیت برقرار رکھنے کیلئے اپنی روایتی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ جاوید بلوچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم نجکاری کی مزاحمت اور ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔