اسلام آباد )( سٹاف رپورٹر) پاکستان انسانی حقوق پارٹی کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کے سلسلے میں ایک پروقار اور خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں پاکستان، استحکامِ پاکستان، معرکۂ حق، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے موضوعات پر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔پروگرام کی مہمانِ خصوصی مشعال ملک تھیں، جبکہ امان اللہ خان، بانی و سیکریٹری جنرل سی ڈی اے لیبر یونین، لالہ عزت خان، سرپرست سی ڈی اے لیبر یونین پاشا گروپ، سمیت مختلف سیاسی، سماجی، مزدور اور سول سوسائٹی سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کی میزبانی پاکستان انسانی حقوق پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر خالد آفتاب سلہری نے کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد، قربانیوں اور قائداعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت کا نتیجہ ہے۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور اس کا تقاضا ہے کہ ہم ملک کی سلامتی، خودمختاری، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کریں۔مقررین نے معرکۂ حق کے حوالے سے قوم کے عزم، بہادری اور ملکی دفاع کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ مشکل حالات میں اپنی افواج اور وطن کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، آئین و قانون کی بالادستی، انسانی حقوق کا تحفظ اور انصاف پر مبنی معاشرہ ہی مضبوط پاکستان کی بنیاد بن سکتا ہے۔مشعال ملک نے اپنے خطاب میں آزادی کی اہمیت، قومی ذمہ داریوں اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے نوجوان نسل کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو تحریکِ آزادی، قیامِ پاکستان کی جدوجہد اور ملک کے لیے دی جانے والی قربانیوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔امان اللہ خان اور لالہ عزت خان نے اپنے خطابات میں کہا کہ پاکستان کی ترقی میں مزدور، تاجر، اساتذہ، نوجوان اور معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی محض خوشی منانے کا دن نہیں بلکہ وطن کے ساتھ وفاداری، قومی ذمہ داریوں کی تجدید اور پاکستان کو مضبوط بنانے کے عزم کا دن ہے۔میزبان ڈاکٹر خالد آفتاب سلہری نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق پارٹی ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ، قومی یکجہتی، جمہوری اقدار اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے تمام طبقات کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، قومی اتحاد اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے عہد کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
75
