47

وزیراعظم کے خصوصی اقدام کے تحت متعارف کرائے گئے روسی زبان کورس کی کامیاب تکمیل کے بعد اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز آئی-8/3 کے 10 طلبہ اور 2 اساتذہ حکومتِ روس کی دعوت پر ماسکو روانہ ہوگئے

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): وزیراعظم کے خصوصی اقدام کے تحت متعارف کرائے گئے روسی زبان کورس کی کامیاب تکمیل کے بعد اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز آئی-8/3 کے 10 طلبہ اور 2 اساتذہ حکومتِ روس کی دعوت پر ماسکو روانہ ہوگئے۔یہ پروگرام فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (FDE)، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (NUML) کے باہمی اشتراک سے وزیراعظم کے اقدام کے تحت شروع کیا گیا، جس کا مقصد ایف ڈی ای کے تعلیمی اداروں میں غیر ملکی زبانوں کی تعلیم کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم اور روزگار کے مواقع کے لیے تیار کرنا ہے۔وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ماسکو میں طلبہ کو بین الاقوامی تعلیمی ماحول، روسی زبان میں مہارت اور ثقافتی تبادلے کا عملی تجربہ حاصل ہوگا، جو ان کے مستقبل کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔وزارت نے اس کامیاب پروگرام پر FDE، NAVTTC، NUML اور حکومتِ روس کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کے اقدامات نوجوانوں کو عالمی سطح پر بہتر مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں