138

روٹری کلب اسلام آباد میٹروپولیٹن کے نو منتخب صدر کے اعزاز میں پروقار تقریب

اسلام آباد:

روٹری کلب اسلام آباد میٹروپولیٹن کے نو منتخب صدر میاں شوکت مسعود کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پاسٹ پریذیڈنٹ و کوآرڈینیٹر نارتھ زون نوشہروان خلیل نے خصوصی شرکت کی، جبکہ روٹری کلب کے ممبران، سابق صدور اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے صدر ریئر ایڈمرل شاہد سعید نے اپنے دورِ صدارت کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے اپنے دور میں مکمل ہونے والے فلاحی منصوبوں اور بورڈ ممبران کی خدمات کو اجاگر کیا، جسے شرکاء اور مہمانِ خصوصی نے بھرپور انداز میں سراہا۔اس موقع پر نو منتخب صدر میاں شوکت مسعود کو کلب کا چارٹر پیش کیا گیا اور انہیں خوش آمدید کہا گیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کلب کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ روٹری کے نصب العین “خدمتِ انسانیت” کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں گے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو وسعت دیں گے۔مہمانِ خصوصی سردار طاہر محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ روٹری دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کرنے والا ایک ممتاز ادارہ ہے، جو ضرورت مند افراد کی مدد اور معاشرے کی بہتری کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری روٹری کلب اسلام آباد میٹروپولیٹن کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور مستقبل میں بھی باہمی تعاون کے ذریعے فلاحی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے نو منتخب صدر میاں شوکت مسعود کو مبارکباد پیش کی، ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور روٹری کلب کی فلاحی خدمات کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں