راولپنڈی ( سلیمان کھوکھر ) جمہوریہ انڈونیشیا کے پاکستان میں سفیر چندرا ڈبلیو سوکوتجو نے اپنے وفد کے ہمراہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ انگان مالین (ہیڈ آف اکنامک افیئرز)، قرۃ العین (اسٹاف، اکنامک سیکشن)، محمد خیرال اجیال (اسٹاف، سوشیو کلچر سیکشن) اور مسٹر ڈکی رخمت پاؤجی (پرسنل سیکرٹری ٹو ایمبیسیڈر) بھی موجود تھے۔راولپنڈی چیمبر کے صدر عثمان شوکت، سینئر نائب صدر فہد برلاس، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور کاروباری برادری نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔استقبالیہ خطاب میں صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی برآمدات میں اضافے، علاقائی تجارت کے فروغ، بزنس ٹو بزنس روابط کے استحکام، تجارتی وفود کے تبادلوں اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، ویلیو ایڈڈ مصنوعات، مینوفیکچرنگ اور ابھرتے ہوئے صنعتی شعبوں میں مشترکہ تعاون دونوں ممالک کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔اس موقع پر سفیر چندرا ڈبلیو سوکوتجو نے کہا کہ انڈونیشیا پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے سیاحت، حلال فوڈ، قابلِ تجدید توانائی، صحت، زراعت، فارماسیوٹیکل اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے اہم شعبے قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مضبوط سفارتی تعلقات موجود ہیں جنہیں اب مؤثر تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ انڈونیشیا نے پاکستانی کاروباری افراد کے لیے ویزہ کے حصول کا عمل مزید آسان بنا دیا ہے، جبکہ ویزہ فیس میں کمی پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ دونوں ممالک کے تاجروں کے لیے کاروباری سرگرمیوں اور باہمی روابط کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔سفیر نے پاکستانی تاجروں اور صنعتکاروں کو 41ویں ٹریڈ ایکسپو انڈونیشیا میں شرکت کی دعوت بھی دی، جو 14 سے 18 اکتوبر 2026 تک منعقد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش پاکستانی برآمد کنندگان، صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے لیے انڈونیشیا اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی، نئے کاروباری شراکت دار تلاش کرنے اور اپنی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔
4