66

اصولوں کی سیاست ہی قوموں کو مضبوط بناتی ہے، کردار الفاظ سے زیادہ اہم ہے: چوہدری جاوید گوندل

نیویارک (خصوصی نمائندہ)علامہ اقبال کمیونٹی سنٹر نیویارک کے سماجی رہنما چوہدری جاوید گوندل نے کہا ہے کہ جب اقتدار کے ایوانوں میں بے چینی پیدا ہوتی ہے تو بعض پرانے سیاسی کردار خود کو نئے انداز میں پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں، مگر قوم ماضی کے کردار اور فیصلوں کو فراموش نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سیاسی یادداشت کو کمزور سمجھنا بڑی غلطی ہے، کیونکہ قوم اپنے ساتھ ہونے والے ناانصافیوں اور تاریخی فیصلوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ محض بیانات یا دعووں سے عوام کا اعتماد حاصل نہیں کیا جا سکتا بلکہ سیاسی قیادت کو اپنے ماضی کے کردار، فیصلوں اور عوامی مفادات کے حوالے سے جوابدہ ہونا چاہیے۔ اگر کوئی جماعت یا رہنما خود کو عوامی حقوق کا علمبردار قرار دیتا ہے تو اسے اپنے عملی اقدامات سے بھی اس کا ثبوت دینا ہوگا۔
چوہدری جاوید گوندل نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاست میں شفافیت، آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار اور عوامی مینڈیٹ کا احترام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد، سچائی اور دیانت داری کو فروغ دینا ہی ملک کو استحکام کی طرف لے جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کمیونٹی سنٹر ہمیشہ مثبت سوچ، قومی یکجہتی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں