اسلام آباد (ندیم گلزارکھوکھر )وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک سے مالدیپ کے انسانی حقوق کمیشن کے وفد نےملاقات کی جس میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد کی قیادت کمشنر احمد معصوم اور سیکرٹری جنرل عائشہ شاہین نجمی نے کی۔ اس موقع پر قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن رابعہ جویری آغا اور وفاقی سیکرٹری وزارتِ انسانی حقوق عبدالخالق شیخ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بالخصوص کمزور اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ، سماجی تحفظ کے اقدامات اور انسانی حقوق کے شعبے میں تجربات اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے پر گفتگوکی گئی۔ فریقین نے بنیادی حقوق کے فروغ اور تحفظ میں قومی انسانی حقوق کے آزاد اداروں کے اہم کردار پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر وزیرِ مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق سے متعلق مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل روابط اور تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے باہمی تجربات سے استفادہ کرنے اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک میں انسانی حقوق کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے لئے قریبی تعاون، معلومات کے تبادلے اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں روابط بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
13
