راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی نے آر ڈی اے آفس کا دورہ کیا اور اتھارٹی کے جاری ترقیاتی منصوبوں، اربن پلاننگ اقدامات اور مستقبل کے ترقیاتی اہداف کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران کمشنر راولپنڈی نے جاری اور آئندہ کے متعدد اہم ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا، جن میں رنگ روڈ ، اولڈ ایئرپورٹ روڈ (وی وی آئی پی روٹ) سمیت آر ڈی اے کے دیگر اہم ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ چیف پلانر آر ڈی اے نے راولپنڈی میں منظور شدہ اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت انفورسمنٹ کارروائیاں جاری ہیں۔ کمشنر راولپنڈی نے قانون کی خلاف ورزی کرنے والی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے اور قانون کے مطابق سخت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کمشنر راولپنڈی نے جدید شہری ترقی، مؤثر منصوبہ بندی، شفافیت اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی اقدامات مؤثر انداز میں اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے شہری ترقی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار شہری منصوبہ بندی، ماحولیاتی تحفظ، ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری اور شہریوں کو بہتر بنیادی و شہری سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دینے پر زور دیا تاکہ شہریوں کے معیار زندگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، بین الادارہ جاتی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے، مانیٹرنگ کے نظام کو مضبوط کرنے اور تمام ترقیاتی و منصوبہ بندی کے اقدامات میں عوامی مفاد کو اولین ترجیح بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی منصور احمد خان، ایڈیشنل ڈی جی آر ڈی اے مسعود احمد بخاری، چیف پلانر آر ڈی اے محمد طاہر میو، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نوشین اسرار، ڈائریکٹر لینڈ غضنفر علی اعوان، ڈائریکٹر انجینئرنگ کومل چوہدری، ڈائریکٹر فنانس مسعود ارشد اور آر ڈی اے کے دیگر افسران نے شرکت کی۔۔۔۔۔۔۔
16