13

پاکستان اور بیلاروس کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی، معیارات اور حلال سرٹیفکیشن کے شعبوں میں تعاون مزید مستحکم

اسلام آباد ( خصوصی رپورٹر ) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی سے پاکستان میں تعینات بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیتسا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سائنس و ٹیکنالوجی، مشترکہ تحقیق، معیارات، کوالٹی انفراسٹرکچر اور حلال سرٹیفکیشن کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی سیکریٹری سائنس و ٹیکنالوجی شاہد اقبال بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں 2015 کے سائنس و ٹیکنالوجی تعاون کے معاہدے کے تحت قائم پاکستان۔بیلاروس مشترکہ کمیشن برائے سائنس و ٹیکنالوجی (JCST) کے تحت جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے لیے جاری مشترکہ کال فار پروپوزلز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے پاکستان سائنس فاؤنڈیشن (PSF) کو میچنگ گرانٹ میکانزم کے تحت پاکستان اور بیلاروس کے دو مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر عملدرآمد اور فنڈنگ شروع کرنے کی ہدایت کی۔ منصوبوں کی مؤثر تکمیل کے لیے واضح اہداف، سنگِ میل، مانیٹرنگ اور محققین کے درمیان رابطہ کاری کا مؤثر نظام وضع کیا جائے گا۔ملاقات میں پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (PSQCA) اور بیلاروس کے اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ فار اسٹینڈرڈائزیشن اینڈ سرٹیفکیشن (BelGISS) کے درمیان معیارات اور کنفرمٹی اسیسمنٹ کے شعبے میں تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس تعاون سے ڈپلیکیٹ ٹیسٹنگ میں کمی، کاروباری لاگت میں کمی، غیر ضروری تجارتی رکاوٹوں میں کمی اور مارکیٹ تک رسائی میں تیزی متوقع ہے۔ معیارات کی ترسیل کے معاہدے کو حتمی شکل دینے سے قبل مالی اور زرمبادلہ سے متعلق فیس اسٹرکچر کے معاملات کا اندرونی جائزہ بھی جاری ہے۔فریقین نے حلال سرٹیفکیشن اور زرعی مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی کے حوالے سے بھی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی نے بیلاروس سے پاکستان میں حلال رجسٹریشن کے لیے مجوزہ مصنوعات کی فہرست فراہم کرنے کی درخواست کی تاکہ سرٹیفکیشن اور مارکیٹ تک رسائی کے معاملات کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔ حلال مصنوعات کی فہرست کو حتمی شکل دینے اور مشترکہ تکنیکی جائزے کے عمل کو تیز کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان زرعی مصنوعات کی دوطرفہ مارکیٹ تک رسائی میں سہولت پیدا ہوگی۔بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیتسا نے پاکستان کی کمیونیکیشن اور دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پیش رفت کو سراہا اور سائنس و ٹیکنالوجی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ سائنسی تحقیق، ٹیکنالوجی، معیارات، حلال سرٹیفکیشن اور مارکیٹ تک رسائی کے شعبوں میں عملی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کو اہمیت دیتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں