اسلام آباد ( سٹی رپورٹر ) قائد ملت جعفریہ پاکستان، نمائندۂ ولی فقیہ علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر میثمی کے اعزاز میں مرجع عالی قدر حضرت آیت اللہ سید علی حسینی سیستانی کے داماد اور وکیلِ مطلق آیت اللہ سید جواد شہرستانی حفظہ اللہ کی جانب سے ظہرانہ دیا گیا۔ وفد کی آمد پر آیت اللہ سید جواد شہرستانی حفظہ اللہ اور معزز علمائے کرام نے پرتپاک استقبال کیا اور خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے مختلف دینی، علمی اور سماجی امور سمیت امتِ مسلمہ کو درپیش اہم مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال بھی ہوا۔ ملاقات میں پاکستان اور عالمِ اسلام کے موجودہ حالات، دینی مراکز کے باہمی روابط، وحدتِ امت اور مذہبی و سماجی خدمات کے فروغ سے متعلق مختلف امور زیرِ بحث آئے۔ فریقین نے باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر آیت اللہ ڈاکٹر سید حسین مرتضیٰ نقوی، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری محمد علی قائد اور دیگر رفقاء بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔
52